خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے مرکزی بینک نے عام سرمایہ کاروں کے لیے کرپٹو کرنسیوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے تین ڈیجیٹل کرنسیوں کی فہرست جاری کر دی ہے، جن کی خریداری غیر پیشہ ور یا غیر مستند سرمایہ کار بھی کر سکیں گے۔
بینک آف رشیا کی پریس سروس کے مطابق ان کرپٹو کرنسیوں میں بٹ کوائن (Bitcoin)، ایتھیریم (Ethereum Ether) اور امریکی ڈالر سے منسلک ٹیتھر (USDT) شامل ہیں۔
روسی مرکزی بینک کی متعلقہ ہدایات 17 نومبر 2026 سے نافذ ہوں گی، جس کے بعد روسی ایکسچینجز کو ان ڈیجیٹل اثاثوں کی عوامی سطح پر خرید و فروخت کی اجازت دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔
مرکزی بینک کے مطابق عام سرمایہ کار بروکرز، سرمایہ کاری کے منتظمین یا کرپٹو ایکسچینج ڈیسک جیسے مختلف مالیاتی واسطوں کے ذریعے ان کرنسیوں کی خریداری کر سکیں گے۔ یہ لین دین منظم ایکسچینج مارکیٹ کے علاوہ اوور دی کاؤنٹر مارکیٹ میں بھی ممکن ہوگا۔
بینک آف رشیا نے واضح کیا ہے کہ اہل یا پیشہ ور سرمایہ کاروں کو دیگر کرپٹو اثاثوں میں بھی بغیر مخصوص پابندیوں کے سرمایہ کاری کی سہولت حاصل ہوگی۔
تاہم سرمایہ کار خواہ عام ہو یا پیشہ ور، کسی بھی کرپٹو کرنسی میں لین دین سے پہلے اسے متعلقہ ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا اور ڈیجیٹل اثاثوں میں سرمایہ کاری سے وابستہ مالی خطرات سے آگاہ ہونا ضروری ہوگا۔
مرکزی بینک کے مطابق اس شرط کا مقصد سرمایہ کاروں کو کرپٹو مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور ممکنہ مالی نقصانات کے بارے میں مناسب معلومات فراہم کرنا ہے۔
روسی مرکزی بینک نے بتایا کہ ابتدائی فہرست میں صرف ایسی کرپٹو کرنسیوں کو شامل کیا گیا ہے جو قانونی معیار پر پوری اترتی ہیں اور بین الاقوامی مارکیٹ میں زیادہ خرید و فروخت اور سرمایہ جاتی حجم رکھتی ہیں۔
ان کرنسیوں کے انتخاب کے لیے مارکیٹ کی مجموعی مالیت، روزانہ کی اوسط تجارتی سرگرمیوں اور غیر ملکی تجارتی پلیٹ فارمز پر قیمتوں کے تاریخی ریکارڈ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
بینک آف رشیا کے مطابق منتخب کرپٹو کرنسیوں کی قیمتوں کا تاریخی ریکارڈ کم از کم پانچ سال پر محیط ہونا ضروری ہے۔
روسی مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ان معیارات کا بنیادی مقصد عام سرمایہ کاروں کو زیادہ خطرے والے ڈیجیٹل اثاثوں سے محفوظ رکھنا اور کرپٹو کرنسیوں میں سرمایہ کاری کے دوران ممکنہ مالی خطرات کو محدود کرنا ہے۔
مرکزی بینک کی نئی ہدایات روس میں کرپٹو کرنسیوں تک عام سرمایہ کاروں کی رسائی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہیں۔
اس فیصلے کے تحت عام سرمایہ کاروں کو ابتدائی طور پر صرف تین منتخب ڈیجیٹل کرنسیوں تک رسائی دی جائے گی، جبکہ اہل سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ وسیع سرمایہ کاری کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
نئی ہدایات کے نفاذ کے بعد متعلقہ ایکسچینجز اور مالیاتی ادارے مقررہ ضوابط کے تحت ان اثاثوں کی خرید و فروخت کی سہولت فراہم کر سکیں گے۔