خلاصہ
- ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے آج صبح ریاض کی جانب داغے جانے والے ایک حوثی کروز اور ایک بیلسٹک میزائل کو مار گرایا جبکہ جنوبی ریجن میں بھی ایک بیلسٹک میزائل تباہ کیا گیا۔
یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا کہ ریاض ریجن اور جنوبی علاقے میں کروز اور بیلسٹک میزائلوں کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا گیا۔
سعودی سول ڈیفنس نے ریاض، ابہا اور خمیس مشیط میں ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری کیا تاہم کچھ دیر بعد اسے واپس لے لیا گیا، یہ میزائل حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب یمن میں حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا سعودی عرب میں شہری تنصیبات جن میں ایئرپورٹس اور انرجی انفرا سٹرکچر شامل کو نشانہ بناتی رہی ہے۔
وزارت توانائی نے کہا تھا کہ مدینہ ریجن میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا جس سے محدود پیمانے پر آگ لگ گئی جس پر ایمرجنسی ٹیموں نے قابو پا لیا، اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ کوئی زخمی ہوا ہے جبکہ پائپ لائن کا آپریشنل نظام بھی متاثر نہیں ہوا۔
عرب اتحاد کے مطابق اس نے یمن کی حوثی ملیشیا کی بیلسٹک میزائل سمبل اور تیار کرنے والی تین تنصیبات کو تباہ کیا ہے۔
سرکاری ترجمان میحرجنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ اس آپریشن میں بیلسٹک میزائل سمبل اور تیار کرنے کی فیکٹری، میزائل فیول (ٹھوس ایندھن) کو مکس اور تیار کرنے کے ایک کیمیکل پلانٹ اور بیلسٹک میزائل کے الیکٹرانک سسٹمز کو سمبل کرنے کی الیکٹرانکس ورکشاپ کو تباہ کیا گیا۔