امریکی وزیر جنگ نے مواخذے کی کوشش کو سیاسی انتقام قرار دے دیا

امریکی وزیر جنگ نے مواخذے کی کوشش کو سیاسی انتقام قرار دے دیا

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ وہ امریکی فوج کی کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور ان کے فیصلوں پر قائم ہیں، ایران میں جو کچھ کیا اس پر معافی نہیں مانگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں ضروری تھیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی شہریوں کے تحفظ کے لیے درست اقدام کیا۔ ہم نے ایران کے خلاف جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران نے 47 سال پہلے ہی جنگ شروع کردی تھی۔

امریکی وزیر جنگ کا کہنا تھا کہ ایران کی فوجی صلاحیتیں تباہ کردی گئی ہیں جبکہ بحری ناکہ بندی بھی سخت ہے اور اپنے مقاصد حاصل کر رہی ہے۔ امریکا ایران کی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ قانونی فوجی کارروائیاں کرنے والے امریکی فوجیوں کو سزا نہیں دی جاسکتی۔ امریکی تاریخ میں آج تک کسی وزیر دفاع کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں امریکا نے ویتنام جنگ جیسا جانی نقصان نہیں اٹھایا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے منشیات اسمگل کرنے والے گروہوں کا مقابلہ کیا اور خشکی و سمندر میں ان کا تعاقب کیا۔