ارجنٹائن نے اپنی مسلح افواج کو دہشت گرد قرار دینے کا ایرانی اقدام مسترد کر دیا

ارجنٹائن نے اپنی مسلح افواج کو دہشت گرد قرار دینے کا ایرانی اقدام مسترد کر دیا

 وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام مکمل طور پر بے بنیاد ہے اور ارجنٹائن کی مسلح افواج کے خلاف ناقابلِ قبول الزام کے مترادف ہے۔

بیان کے مطابق ارجنٹائن کی بحریہ اور فضائیہ آئینی اور قانونی ادارے ہیں، جو ملک کی قومی خودمختاری کے دفاع کی ذمہ داری انجام دیتے ہیں۔

وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ یہ افواج ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق کام کرتی ہیں اور دیگر ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتی ہیں۔

ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایک روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ارجنٹائن کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیمیں سمجھتی ہے، ایران نے یہ فیصلہ ارجنٹائن کی جانب سے سپاہ پاسداران کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے جواب میں کیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ اقدام 2019 میں منظور کیے گئے قانونِ اقدامِ متقابل کے تحت کیا گیا۔

ارجنٹائن نے رواں سال اپریل میں پاسداران انقالاب فورس کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

ارجنٹائن 1994 میں بیونس آئرس میں یہودی کمیونٹی کے مرکز امیا پر ہونے والے بم دھماکے کا ذمہ دار ایران اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ کو قرار دیتا ہے، اس حملے میں 85 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے، تاہم ایران ہمیشہ اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا آیا ہے۔