خلاصہ
- انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے نومبر میں ایک اور اہم اجلاس منعقد ہوگا، ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اجلاس کی تصدیق کردی۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے مطابق تینوں ممالک کے حکام نومبر میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق امور پر مذاکرات کریں گے۔
ہاکان فیدان نے بتایا کہ اجلاس میں معاہدے کو ادارہ جاتی شکل دینے، مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر غور کیا جائے گا۔
ترک وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ آٹھ ملکی آر فور اور ای فور گروپ کا دوسرا مشترکہ اجلاس بھی نومبر میں جرمنی میں متوقع ہے۔ اجلاس میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر، جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ کے نمائندے شرکت کریں گے۔
ہاکان فیدان کا کہنا تھا کہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے علاقائی ممالک کی قیادت میں کوششیں جاری رکھی جائیں گی، کیونکہ خطے کے مسائل کا حل علاقائی ممالک کے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے تلاش کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور رکن ممالک کی سلامتی کے لیے مشترکہ اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔