اسرائیلی پارلیمان میں 7 اکتوبر حملے کی تحقیقات، نیتن یاہو کی مدت اقتدار محدود کرنے کے بل منظور

اسرائیلی پارلیمان میں 7 اکتوبر حملے کی تحقیقات، نیتن یاہو کی مدت اقتدار محدود کرنے کے بل منظور

نیتن یاہو کی مخالفت کے باوجود بل 65 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے منظور ہوا، تاہم یہ ابتدائی منظوری ہے اور قانون بننے کیلئے مزید تین پارلیمانی مراحل سے گزرنا ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعظم کی مدت اقتدار محدود کرنے اور فوجداری الزامات کا سامنا کرنے والے سیاستدانوں کو حکومت بنانے سے روکنے کی تجویز بھی 65 کے مقابلے میں 48 ووٹوں سے ابتدائی طور پر منظور کی گئی، مجوزہ قانون کے تحت وزیراعظم کیلئے مسلسل 8 سالہ مدت کی حد مقرر کرنے اور اس کے بعد 8 سال تک حکومت سے باہر رہنے کی پابندی شامل ہے۔

وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو آزاد ریاستی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے مخالف ہیں۔ ان کی تجویز ہے کہ تحقیقاتی کمیشن کے ارکان کا انتخاب پارلیمان کرے جبکہ تحقیقات کا دائرہ کار کابینہ طے کرے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کا مؤقف ہے کہ حکومتی نگرانی میں ہونے والی تحقیقات غیر جانبدار نہیں ہوں گی اور اس طریقہ کار سے 7 اکتوبر کے حملے سے متعلق اصل حقائق سامنے آنے کا امکان متاثر ہوگا۔

اسرائیلی پارلیمان میں پیش کی گئی قانون سازی کو نیتن یاہو کی سیاسی پوزیشن اور مستقبل میں وزارت عظمیٰ کے منصب پر واپسی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم دونوں بلز ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور انہیں حتمی قانون بننے کیلئے مزید منظوری درکار ہوگی۔