خلاصہ
- غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک سال سے نافذ جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق جمعرات کو وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں نائب وزیر تعلیم خالد ابو ندا اور ان کی اہلیہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
منگل کے روز دو سینیئر سیکیورٹی عہدیداروں کی شہادت کے بعد خالد ابو ندا حماس کے تیسرے سینیئر رہنما ہیں جنہیں اسرائیل نے نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حملے کو حماس کے ارکان اور سینیئر عہدیداروں کے خلاف حالیہ ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں کا حصہ قرار دیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اسرائیل نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران حماس کے تقریباً 80 جنگجوؤں کو شہید کیا ہے۔
نیتن یاہو نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی دہشت گرد محفوظ نہیں اور حماس کی قیادت میں سے کوئی بھی اسرائیل سے بچ کر نہیں نکل سکے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ خالد ابو ندا حماس کے اقتصادی امور کے نگران تھے اور تنظیم کے بینکنگ و سرمایہ کاری کے نیٹ ورک چلاتے تھے، جن کے ذریعے عسکری سرگرمیوں اور صلاحیت میں اضافے کے لیے مالی وسائل فراہم کیے جاتے تھے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان کی شہادت سے حماس کی مالیاتی اور عسکری صلاحیتیں کمزور پڑ سکتی ہیں۔
حماس نے خالد ابو ندا کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے ماہرینِ تعلیم اور شہری شخصیات کو نشانہ بنانے کو سنگین جرم قرار دیا ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کی مسلسل پالیسی غزہ جنگ بندی معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
تنظیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کو حملے روکنے میں ناکامی اور اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنے پر سیاسی اور اخلاقی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا۔ حماس کے مطابق اس طرز عمل سے شہریوں پر مزید حملوں اور ہلاکتوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔