زلمی مدرسہ لیگ سیزن ٹو کا ٹائٹل البقرہ اسٹرائیکرز نے جیت لیا

Last Updated On 07 December,2018 09:06 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) زلمی نے ایک اور تاریخ رقم کر دی۔ خیبر پختونخواہ کے بعد بلوچستان میں بھی زلمی مدرسہ لیگ کا کامیاب انعقاد، البقرہ اسٹرائیکرز نے فائنل میں الاقرہ پیٹریاٹس کو دس وکٹوں سے ہرا کر زلمی مدرسہ لیگ سیزن ٹو کا ٹائٹل جیت لیا۔ گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان نے انعامات تقسیم کیے۔ مدرسہ لیگ دیگر صوبوں میں بھی لیگ کا انعقاد کریں گے: جاوید آفریدی

زلمی فاؤنڈیشن کے تحت خیبر پختونخواہ کے بعد بلوچستان میں بھی زلمی مدرسہ لیگ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ بولان اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلے گئے فائنل میں البقرہ اسٹرائیکرز نے الاقرہ پیٹریاٹس کو دس وکٹوں سے ہراکر زلمی مدرسہ لیگ سیزن ٹو کا ٹائٹل جیت لیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے الاقرہ پیٹریاٹس نے سات وکٹوں پر اناسی رنز بنائے۔ عطاللہ چوبیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ البقرہ اسٹرائیکرز کی جانب سے ناصر جان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ البقرہ اسٹرائیکرز نے ہدف با آسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ ادریس نے انسٹھ اور شہزاد فرید نے پندرہ رنز بنائے ۔ ادریس خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور زلمی مدرسہ لیگ کے انعقاد پر جاوید آفریدی اور زلمی فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا مدارس کے طلبا کے لیے لیگ کا انعقاد زلمی فاؤنڈیشن کا کارنامہ ہے۔

پشاورزلمی کے چیرمین جاوید آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انشااللہ دینی مدارش کے ارتقا اور ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ لیگ کے کامیاب انعقاد پر تمام دینی مدارس ، بلوچستان گورنمنٹ ، پاک فوج اور دیگر اداروں کا مشکور ہوں ۔دیگر صوبوں اور شہروں میں بھی زلمی مدرسہ لیگ کا انعقاد کریں گے۔

البقرہ اسٹرائیکرز کے محمد اونگزیب کو ٹونامنٹ کا بہترین باؤلر، جعفر علی کو بہترین باؤلر اور وزیر خان کو مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔
 

Advertisement