پاکستان اور انڈونیشیا کا دو طرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق

Last Updated On 10 October,2018 09:06 pm

جکارتہ: (دنیا نیوز) پاکستان اور انڈونیشیا نے دو طرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ملک ترجیحی تجارت کے معاہدے کا بھی ازسر نو جائزہ لیں گے۔

انڈونیشیا کے شہر بالی میں وزیر خزانہ اسد عمر نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے انڈونیشیا کے ہم منصب سری مالیانی اداوتی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین تجارت فروغ دینے پر گفتگو ہوئی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے تجارتی تعلقات کو مزید بڑھنا چاہیے۔ انڈونیشیا کے وزیر خزانہ کی جانب سے اسد عمر کو حکومتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسیع کرنا چاہتا ہے اور انڈونیشیا پاکستان کو مکمل سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہے۔ ملاقات میں دونوں ملکوں نے ترجیحی تجارت کے معاہدے کا ازسر نو جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر خزانہ اسد عمر کی عالمی بینک کے صدر جم یانگ کم سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور عالمی بنک کے مابین اشراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ اور عالمی بینک کے صدر کی ملاقات میں حکومتی وژن اور ترجیحات پر بات چیت ہوئی۔
 

Advertisement