عید الفطر: وزیراعظم عمران خان بنی گالہ میں منائیں گے

Last Updated On 04 June,2019 10:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اہل خانہ کے ہمراہ عید بنی گالہ میں منائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور عید لاہور میں منائیں گے۔

دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق کے چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی عید منانے کیلئے آبائی علاقے گجرات میں ہونگے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نوابشاہ میں عید منائیں گے اور اس دوران سیاسی ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری عید لاڑکانہ میں منائیں گے۔

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کوٹ لکھپت جیل، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جاتی امراء، سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز شریف عید کا دن ماڈل ٹائون میں گزاریں گے۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ فیصل آباد میں منائیں گے۔

اُدھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آبائی علاقے سیہون میں عید کی نماز پڑھیں گے، پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن، سینیٹر رضا ربانی اور صوبائی وزیر سعید غنی کراچی، خورشید شاہ سکھر جبکہ رحمن ملک اسلام آباد میں عید کی خوشیاں منائیں گے۔
 

Advertisement