ٹینکرز مالکان ملک بھر میں ہڑتال کے حامی ، کنٹریکٹرز کی جانب سے سپلائی بند کرنے سے انکار
کراچی (دنیا نیوز ) آئل ٹینکرز ایسو سی ایشن دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ، کنٹریکٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بحال رکھنے جبکہ اونرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ۔ سانحہ احمد پور شرقیہ میں 200 سے زائد افراد کی جانیں ضائع ہونے کے بعد اوگرا کو ہوش آگیا اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ٹھان لی ۔ واقعے کی ذمہ دار شیل کمپنی پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور کئی آئل ٹینکرز مالکان کو اوگرا کے سخت قوانین ایک آنکھ نہ بھائے اور کئی افراد کی جانیں ضائع ہونے بعد بھی " ایک تو چوری اوپر سے سینہ زوری " کے مصداق قوانین پر عمل درآمد کرنے کے بجائے ہڑتال کرکے عوام کو خوار کرنے کا بھرپور بندوبست کرلیا اور ساتھ میں مظلومیت کا راگ بھی الاپنا شروع کر دیا ۔ مگر ان کا یہ پلان بھی چوپٹ ہوتا نظر آرہا ہے کیونکہ آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے کی جانے والی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے اور تیل کی سپلائی جاری رکھنے کا عہد کیا ہے ۔