نیویارک میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ورلڈ اکنامک فورم کے سربراہ کلوس شواب نے ملاقات کی اور کہا کہ وہ پاکستان کی معیشت میں مثبت تبدیلیوں سے متاثر ہیں۔
نیویارک: (دنیا نیوز) وزیر اعظم سے کلوس شواب کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ سرمایہ کاری کے لئے بہترین پلیٹ فورم ہے، مغرب سے سرمایہ کاری کے اضافی ذرائع بھی دیکھ رہے ہیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ تبدیلی مستحکم سیاسی نظام کی طرف اشارہ ہے جس سے بین الاقوامی کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی معیشت میں مثبت تبدیلیوں سے بے پناہ متاثر ہیں۔ کلوس شواب نے وزیر اعظم کو صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کی پیش کش کی جسے وزیر اعظم نے خوش دلی سے قبول کیا۔