پاور کمپنیوں نے فرنس آئل پر چلنے والے تمام پلانٹس بند کر دیئے ، حبکو ، پیپکو اور جینکوز خریدے گئے فرنس آئل کی ادائیگی نہیں کر رہیں
کراچی (دنیا نیوز ) پاکستان سٹیٹ آئل کو دہری پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، کمپنی نے فرنس آئل کی فروخت بند کر دی ہے جبکہ پاور کمپنیوں سے وصولیاں 276 ارب روپے تک پہنچ گئی ہیں ۔
ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان سٹیٹ آئل کو اس وقت دوہری مشکلات کا سامنا ہے ، ایک طرف تو پاور کمپنیوں نے حکومت کے کہنے پر فرنس آئل پر چلنے والے تمام پلانٹس کو بند کر دیا ہے جس سے پی ایس او کے پاس اس وقت وافر مقدار میں فرنس آئل کا سٹاک جمع ہوچکا ہے جبکہ ابھی درآمدی فرنس آئل کی آمد بھی جاری ہے ۔
دوسری جانب پاور کمپنیاں جن میں حبکو ، کیپکو اور جینکوز شامل ہیں پہلے سے خریدے گئے 276 ارب روپے کے فرنس آئل کی ادائیگیاں نہیں کررہی ہیں ، جس کے باعث پی ایس او کی کُل وصولیاں اس وقت 306 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں جس میں ایس این جی پی ایل کے 4 ارب 60 کروڑ اور قومی ائیر لائن پی آئی اے کے 15 ارب 60 کروڑ بھی شامل ہیں ۔