لاہور(دنیا نیوز) پی آئی اے نئے مقامات کیلئے پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جبکہ سعودی عرب اور چین کے لئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس بات کا فیصلہ پی آئی اے پروازوں کے نیٹ ورک کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے نے خسارے میں کمی لانے کیلئے ایک جامع بزنس پلان مرتب کیا ہے جس میں اخراجات میں کمی اور ریونیو میں اضافہ کر کے مسافروں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات میں بہتری لائی جائیگی۔
ترجمان کا کہنا تھا جلد ہی جدہ کیلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 28 سے بڑھا کر 31 کی جارہی ہے اسی طرح مدینہ کے لئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد9 سے 10 کی جارہی ہے ۔ مستقبل میں سی پیک کی وجہ سے ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بیجنگ کیلئے اسلام آباد اور کراچی سے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 2 سے 4 کی جارہی ہے ۔اسی طرح اندرون ملک بھی پروازوں کے دائرہ کار کو وسعت دی جارہی ہے۔
چین کے مقام گوانگزو، سعودی عرب میں القصیم اور زائرین کی سہولت کیلئے ایران کے شہر مشہد کیلئے بھی پروازیں شروع کی جارہی ہیں۔اس سلسلے میں پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیاروں کی از سر نو تزئین و آرائش کی گئی ہے اور دوران پروازجدید ترین انٹرٹینمنٹ سسٹم کو فعال کیا جارہا ہے۔
کیبن کریو کی نئی یونیفارم بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کو عوام کی جانب سے پسند کیا گیا ہے اسی طرح گراؤنڈ ہینڈلنگ سٹاف کی یونیفارم بھی تبدیل کی جارہی ہے اور ان کو کسٹمرز کیئر کی ٹریننگ بھی دی جارہی ہے ۔