کراچی: (دنیا نیوز) بوٹ پائلٹس کی ہڑتال کے باعث کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔ ایف پی سی سی آئی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزارت پورٹ اینڈ شپنگ سے فوری ہڑتال ختم کرانے کی اپیل کی ہے۔
بوٹ پائلٹس کی ہڑتال کے باعث کراچی پورٹ پر مال بردار سمندری جہازوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔ بوٹ پائلٹس کا کہنا ہے کہ پہلے الاوئنسز دو پھر جہاز چلائیں گے۔ ہڑتال کی وجہ سے پورٹ پر جہازوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔ کے پی ٹی انتظامیہ نے بوٹ پائلٹس کو گھروں سے بلانے کے لیے پولیس کی مدد بھی لی۔
دوسری جانب ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر وحید احمد کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت اہم ترین بندرگاہ کی بندش کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ کے پی ٹی انتظامیہ مسئلہ کا حل نکالنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔ انھوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزارت پورٹ اینڈ شپنگ سے فوری طور پر ہڑتال ختم کرانے کی اپیل بھی کی ہے۔