990 میگا واٹ بجلی کے دونوں منصوبوں سے 2021 تک بجلی کی پیداوار کا عمل باقاعدگی کے ساتھ شروع ہوجائے گا
تھر (دنیا نیوز ) تھر کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے دو نئے منصوبوں کا معاہدہ طے پا گیا، پرائیویٹ پاور اینڈ انفرا سٹرکچر بورڈ کے مطابق 990 میگاواٹ کے دونوں منصوبے سال 2021 تک بجلی کی پیداوار شروع کر دیں گے، ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لئے نئے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
پرائیویٹ پاوراینڈ انفراسٹرکچر بورڈ کے مطابق تھر کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے دو نئے منصوبوں کا معاہدہ طے پاگیا ہے، ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے 990 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی، 660 میگاواٹ کا منصوبہ پورٹ قاسم پر جبکہ 330 میگاواٹ کا منصوبہ تھر میں لگایا جائے گا۔ دونوں منصوبوں پر 1 ارب 49 کروڑ ڈالر خرچ ہونگے۔ پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ کے مطابق دونوں پاور پلانٹس 2021 تک بجلی کی پیداوار شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ اس وقت تھر کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے 7 مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے قومی گرڈ میں لگ بھگ 5 ہزار میگا واٹ بجلی شامل ہوجائے گی۔