روپے کی قدر میں کمی، ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ

Last Updated On 23 May,2018 12:06 pm

کراچی (دنیا نیوز )روپے کی قدر میں کمی کے باعث ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ، ادارہ شماریات کے مطابق اپریل میں 1 ارب 15 کروڑ ڈالر مالیت کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئیں۔

اپریل میں ٹیکسٹائل برآمدات 12 فیصد اضافے سے 1 ارب 15 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ،، جبکہ گذشتہ سال اپریل میں 1 ارب 2 کروڑ ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئیں تھیں،، ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے اپریل کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 8 فیصد اضافے سے 11 ارب 13 کروڑ ڈالر رہی ،، جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 10 ارب 29 کروڑ ڈالر تھی۔

دس ماہ میں نٹ ویئر کی برآمدات 15 فیصد اضافے سے 2 ارب 20 کروڑ ڈالر، بیڈ ویئر کی برآمدات 5 فیصد اضافے سے 1 ارب 85 کروڑ ڈالر، اور گارمنٹس کی برآمدات 2 ارب 12 کروڑ ڈالر رہی۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر کم ہونے سے ٹیکسٹائل مصنوعات سستی ہوگئی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔