اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہے۔ عالمی میڈیا غلط تصویر پیش کرتا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری میں منافع کی شرح دیگر ممالک سے بہتر ہے۔
وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کا سرمایہ کاری سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں سٹاک مارکیٹ کے علاوہ بھی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری میں منافع کی شرح دیگر ممالک سے بہتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہے۔ عالمی میڈیا غلط تصویر پیش کرتا ہے۔ کراچی میں آپریشن سے امن و امان میں بہتری آئی، دہشت گردی کے منظم واقعات نہیں ہو رہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگلے سال معاشی ترقی چھ فیصد سے تجاوز کر جائے گی۔ مہنگائی میں اضافے کی شرح سنگل ڈیجٹ تک محدود ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں دس ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی سسٹم میں داخل کی گئی، آج لوڈشیڈنگ صرف لائن لاسز والے علاقوں میں ہے۔ ایل این جی درآمد کر کے گیس بحران پر بھی قابو پایا گیا۔ این ایچ اے کو سڑکوں کیلئے 540 ارب روپے دیئے گئے ہیں۔