آزادکشمیر: پھلوں، سبزیوں کے من مانے ریٹ، مہنگائی کا جن بے قابو

Last Updated On 24 May,2018 11:53 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزادکشمیر میں گراں فروشوں نے سرکاری نرخ ناموں کو ہوا میں اڑا دیا ہے، مارکیٹ میں من مانے قیمتوں پر سبزی اور پھلوں کی فروخت نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

رمضان المبارک میں مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے اکثر علاقوں میں خود ساختہ مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے، عام مارکیٹ میں گراں فروشوں نے سبزی اور پھلوں کی کئی گنا اضافے سے فروخت کا بازار گرم کررکھا ہے جس پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انتطامیہ کی طرف سے جاری کردہ نرخ نامے پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں اور دکانداروں میں نوک جھونک اور لڑائی جھگڑا معمول بن چکا ہے جبکہ انتطامیہ صرف دعووں اور وعدوں تک ہی محدود ہے. آزادکشمیر کے بڑے شہروں سمیت چھوٹے قصبے بھی گراں فروشوں کے نشانے پر ہیں جہاں قیمتیں کو برقرار رکھنے کے لئے کوئی موثر نظام تک موجود نہیں۔