محکمہ آبپاشی کی نااہلی سے سندھ میں چاول کی کاشت میں کمی

Last Updated On 06 August,2018 05:13 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ محکمہ آبپاشی کی نااہلی کی قیمت چاول کے کاشتکار کو ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ صوبے میں رائس بیلٹ والے 50 فیصد سے زائد علاقوں میں دھان کی فصل کاشت نہ ہوسکی۔

سندھ آباد گار بورڈ کے نائب صدر محمود نواز شاہ نے دنیا نیوز کو بتایا ہے کہ صوبے میں 75 فیصد چاول کی پیداوار والے اضلاع دادو، لاڑکانہ، بدین، قمبر شہزاد، کوٹری اور ٹنڈومحمد خان میں قحط جیسی صورتحال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوٹری بیراج میں پانی ہونے کے باوجود صوبائی محکمہ آبپاشی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے 50 فیصد سے زائد علاقوں میں اب تک چاول کاشت نہیں ہوسکا۔

چاول کے ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ سندھ میں چاول کی پیداوار متاثر ہوئی تو ایکسپورٹس کو بھی دھچکا لگے گا۔ پاکستان سالانہ 2 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے چاول برآمد کرتا ہے جس میں سندھ کا حصہ لگ بھگ 50 فیصد ہے۔