ایشیائی ترقیاتی بینک نے10کروڑ ڈالرقرض کی منظوری دیدی

Last Updated On 04 September,2018 05:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قرضہ بلوچستان میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے استعمال ہوگا، صدر ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ خطے میں ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مزید مالی معاونت کا عمل جاری رکھا جائیگا۔

 ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 10 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دیدی، قرضہ بلوچستان میں پانی کی قلت کودور کرنے کیلئے استعمال ہوگا۔ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ واٹر ریسورس منصوبہ ژوب اور دریا مولا بیسن میں جاری ہے۔ منصوبے پر مکمل لاگت 12 کروڑ 55 لاکھ ڈالر آئے گی جبکہ بقیہ رقم بلوچستان حکومت فراہم کرے گی۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ پانی کی دستیابی بہتر بنانے سے بلوچستان میں زرعی آمدنی اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا تھا کہ آئندہ دس سال کے دوران وہ جنوبی ایشیا کے خطے میں موسمیاتی تغیرات کے نقصان کے خاتمے کیلئے 80 ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرینگے۔

اے ڈی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے کلائمیٹ چینج اینڈ مٹی گیشن اسٹریٹجی 30-2019 کے تحت قرضوں کی فراہمی کی منظوری دی تھی۔ اے ڈی بی کے صدر تاکی ہیکو ناکا کا کہنا تھا کہ ایشیا اور بحرالکاہل نے گزشتہ 50 سال کے دوران تیزی سے ترقی کی اور غربت کے خاتمے اور ترقی و خوشحالی کے نمایاں اہداف حاصل کیے۔ تاہم خطے میں ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مزید مالی معاونت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل کی نجکاری کی سفارش کرتے ہوئے نجکاری کیلئے تکنیکی مشاورت دینے کی پیشکش کی تھی۔