کراچی: (دنیا نیوز) شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملنے کے معاملے پر پولیس کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں، تحقیقاتی کمیٹی نے شواہد ضائع کیئے جانے کا شبہ ظاہر کر دیا۔
تحقیقاتی کمیٹی نے بوتلوں سے حاصل کردہ مادوں کی کیمیکل ایگزامینیشن کی رپورٹ کو مشکوک قرار دے کر دوبارہ کیمکل جانچ کی سفارش کر دی، رپورٹ میں جیل پولیس اور ذاتی ملازمین کا کردار مشکوک قرار دیا گیا۔ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ میں مشکوک پیکٹ سب جیل سے بغیر چیکنگ منتقل کرتے دیکھا گیا، کمیٹی نے شبہ ظاہر کیا کہ ثبوت ضائع کرنے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جیل اہلکاروں کا رویہ اور کردار قانون کے مطابق نہیں تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں کچھ اہلکاروں کی حرکات مشکوک تھیں، معاملے پر اہلکاروں کی جانب سے غفلت برتی گئی۔ انکوائری کمیٹی نے جیل پولیس اہلکاروں، ذاتی ملازمین کو شامل تفتیش کرنے اور دفعہ 201 کے تحت قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔