کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دبنگ فیصلہ کیا ہے کہ بھاشا ڈیم ضرور بنے گا۔ کاشتکاروں کو مستقبل روشن نظر آنے لگا، پانی کے ذخائر میں 40 فیصد اضافہ جبکہ 4500 میگاواٹ اضافی بجلی دستاب ہوگی۔
چالیس سال سے زائد عرصے کے بعد ملک میں بڑا ڈیم بنانے کا خیال آیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ بھاشا ڈیم بنے گا اور ضرور بنے گا۔ بھاشا ڈیم میں 64 لاکھ ایکڑ فٹ پانی کے ذخیرے کی گنجائش ہوگی۔ ڈیم کی تعمیر سے 40 فیصد پانی کے ذخیرے میں اضافہ ہوگا جس سے کاشتکاروں کی مشکلات حل ہوجائیں گی اور عوام کو سستی، معیاری پھل و سبزیاں اور دالیں ملیں گی۔
صرف یہی نہیں عوام کو ساڑھے چار ہزار میگاواٹ اضافی اور سستی بجلی بھی ملے گی جس سے روشن ہو گا پاکستان۔ ریسرچ کے مطابق فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 12 روپے 50 پسے فی یونٹ ہے مگر پانی سے بجلی کا فی یونٹ صرف 1 روپے 50 پیسے میں پڑتا ہے، بات صرف یہی ختم نہیں ہوجاتی بھاشا ڈیم کی تعمیر سے سٹیل اور سیمنٹ کی صنعت کو چار چاند لگ جائیں گے۔
آئندہ دس سال میں لگ بھگ 50 لاکھ ٹن سیمنٹ اور14 لاکھ ٹن سریا درکار ہوگا جس سے ہزاروں افراد کو روزگار ملے گا اور بھاشہ ڈیم کی تعمیر کی تخمینہ 15 ارب ڈالر لگایا گیا ہے جس کے لئے دوست ملک چین سے بھی بات چیت کا عمل جاری تو دوسری جانب زمین کی خریداری کے لئے حکومت 24 ارب روپے بھی مختص کرچکی ہے۔