مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں ایل پی جی گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں عدم توازن سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے سب سے زیادہ گھریلو صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔
مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں ایل پی جی سلنڈر کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں آئے روز عدم توازن کے سبب گھریلو استعمال کے سلنڈر بھی بازاروں میں نہیں مل رہے۔ ایل پی جی کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اوگرا کے نرخوں میں عدم توازن کی وجہ سے بازاروں میں قیمتوں پر اثر پڑتا ہے جس سے ان کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب گیس کی طے شدہ قیمتوں کے خلاف شہری آبادیوں سمیت آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں لیپہ اور نیلم ویلی میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہے۔