بھارتی یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ

Last Updated On 15 August,2018 05:39 pm

سری نگر: (دنیا نیوز) بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا، یوم سیاہ کے حوالے آزادکشمیر بھر میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔

کشمیری عوام نے گزشتہ روز 14 اگست کو پاکستان کا 71 واں یوم آزادی پورے جوش و خروش سے منایا جب کہ آج بھارت کا 71 ویں یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ حریت کانفرنس کی اپیل آج پوری وادی میں عام ہڑتال ہے اور تمام دکانیں اور دفاتر بند ہیں۔

 

اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو بھارت دنیا بھر میں امن پسندی کا ڈھنڈورا پیٹ رہا ہے تو مقبوضہ کشمیر میں اپنے ناجائز قبضے کو دوام بخشنے کے لئے کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ مظاہرین نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر دباو ڈالنے کا مطالبہ کیا۔

آزادکشمیر کے دیگر شہروں میرپور کوٹلی راولاکوٹ اور ہٹیاں میں بھی یوم سیاہ کے حوالے سے جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ دوسری جانب یورپی دارالحکومت برسلز میں بھارتی یو م جمہوریہ پر کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا۔ بھارتی سفارتخانہ برسلز کے سامنے ایک پر امن مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے کی۔ مظاہرہ میں پاکستانی اور کشمیریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بھرپور اِحتجاج ریکارڈ کروایا۔ چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید اور دیگر نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا عالمی برادری کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور آرٹیکل پینتس اے ختم کر کے مظلوم کشمیریوں پر مزید ظلم کو رکوانے کے لیئے اپنا کردار ادا کرے۔

شرکاء نے کشمیریوں کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔ آخر میں بھارتی سفارتخانہ برسلز میں ایک یادداشت بھی پیش کی گئی۔