مظفر آباد: (دنیا نیوز) کشمیری نوجوان کمانڈر برہان وانی کے دوسرے یوم شہادت کے موقع پر آزادکشمیر بھر میں جلسے منعقد، جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرین نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا سلسلہ رکوانے اور بھارت پر حق رائے دہی کے لئے دباو ڈالنے کا مطالبہ کیا۔
مظفرآباد میں برہان مظفر وانی کے یوم شہادت کے موقع پر کشمیری نوجوانوں نے کفن پوش ریلی نکالی جس کی قیادت سربراہ متحدہ جہاد کونسل سید صلاح الدین نے کی۔ بھارت مخالف ریلی کے شرکاء نے ساتھرا مور سے برہان وانی چوک تک مارچ کیا، کشمیری عوام سے یکجہتی اور آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی۔
شرکائے ریلی نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے ناجائز تسلط کو دوام بخشنے کے لئے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہار توڑ رہا ہے جس کا سلسلہ رکوایا جائے۔ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوان برہان وانی نے تحریک آزادی کو منطقی انجام پر لاچھوڑا ہے اب حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ موثر سفارتکاری کے زریعے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن بنائے۔