آزاد کشمیر اسمبلی نے بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا

Last Updated On 27 May,2018 05:46 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مالی سال 2018-19ء کے لئے ایک کھرب 8 ارب 20 کروڑ کا ٹیکس فری بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کیے گئے بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے 82 ارب 70 کروڑ روپے رکھے گے جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں جبکہ ترقیاتی بجٹ کا حجم 25 ارب 50 کروڑ روپے رکھا گیا جس کے عوض مالی سال 2018-19ء میں کل 201 نئے منصوبہ جات شروع کئے جائیں گئے۔

بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کا احتجاج بھی جاری رہا جسے مذاکرات کے بعد ختم کرا کے حکومت بجٹ کو متفقہ طور پر منظور کرانے میں کامیاب ہو گئی۔

مالی سال 2018-19ء کے لئے نارمل میزانیہ کے علاوہ ترقیاتی بجٹ میں سب سے زیادہ رقم شاہرات و تعمیرات کے لئے 10 ارب 38 کروڑ، پن بجلی کی پیداوار کے لئے 3 ارب 52 کروڑ روپے منظور کی گئی ہے۔

نمایاں محکموں جن میں لوکل گورنمنٹ 2 ارب روپے، تعلیم ایک ارب 90 کروڑ اور صحت کے لئے 71 کروڑ روپے شامل ہیں۔ زراعت 50 کروڑ، سیاحت 25 کروڑ، جنگلات و ماہی پروری 55 کروڑ، ترقیاتی ادارہ جات 20 کروڑ 20 لاکھ اور ماحولیات کے لئے 6 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔