صوبہ بلوچستان کا 352 ارب 30 کروڑ روپے کا بجٹ پیش

Last Updated On 14 May,2018 09:59 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبہ بلوچستان کے مالی سال 2018-19 کا 352 ارب 30 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کردیا گیا۔

بلوچستان کے مالی سال 2018-19 کا 352 ارب 30 کروڑ روپے کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ مالیاتی امور کے بارے میں وزیراعلیٰ کی مشیر ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے ایوان میں بجٹ پیش کیا۔ اپنی تقریر میں مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ نے کہا کہ بجٹ میں اکسٹھ ارب ستر کروڑ روپے کا خسارہ دکھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خسارہ صوبہ اپنے وسائل سے پورا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستائیس ارب نوے کروڑ روپے 1231 جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص کیے گئے ہیں، جن کو آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرحPSDP میں 1432 نئی سکیمیں شامل کی گئی ہیں۔ جن کیلئے بجٹ میں 67 ارب 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 264 ارب 4 کروڑ روپے غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے جبکہ 88 ارب 30 کروڑ روپے ترقیاتی کاموں کیلئے رکھے گئے ہیں۔ بجٹ میں چھ ارب چالیس کروڑ روپے مقامی حکومتوں کے غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے مختص کئے گئے ہیں، جبکہ مقامی حکومتوں کو ترقیاتی کاموں کیلئے پہلے ہی پانچ ارب روپے فراہم کیے جاچکے ہیں۔