پاکستان کا مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی کمیشن کے قیام کی تجویز کا خیر مقدم

Last Updated On 21 June,2018 04:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر بین الاقوامی کمیشن کے قیام کی تجویز کا خیرمقدم کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر بھارت حقائق نہیں چھپا سکتا۔ ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی قیادت کو ہر جگہ نشانہ بناتے رہیں گے۔

ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی کشمیر سے متعلق رپورٹ کا خیر مقدم کرتا ہے۔ بھارت اگر کچھ چھپانا نہیں چاہتا تو کمیشن آف انکوائری کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے دے۔ پاکستان کمیشن کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دیتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی افواج نے عید کے دنوں میں بھی مظالم جاری رکھے۔ حریت رہنماء سید علی گیلانی کو نماز عید بھی ادا نہیں کرنے دی گئی۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 16 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

ترجمان نے ایس سی او کے حوالے سے بتایا کہ صدر ممنون حسین نے ایس سی او کانفرنس کی سائیڈ لائن پر چین، روسی فیڈریشن، تاجکستان، ایران، افغانستان اور دیگر ممالک کے قائدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔