18 مئی کو پاکستان میں 'یوم یکجہتی فلسطین' منانے کا اعلان

Last Updated On 15 May,2018 09:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 18 مئی کو "یوم یکجہتی فلسطین" منانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے 18 مئی کو پاکستان میں "یوم یکجہتی فلسطین" منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کا مقصد فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ہے، اس روز بربریت کے شکار فلسطینی بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ پاکستانی حکومت اور عوام فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھائیں گے۔

دوسری طرف ترجمان دفترخارجہ نے نہتے فلسطینیوں کے بے رحمانہ قتل کی مذمت کی اور کہا ہے کہ یہ مظاہرے بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کے حوالے سے ہو رہے ہیں۔سفارتخانے کی منتقلی اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری وحشیانہ مظالم کو رکوائے اور تحقیقات کرے۔ تشدد سے معصوم عورتوں، بچوں اور بزرگوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ صہیونی فورسز نے غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کر کے درجنوں فلسطینیوں کو شہید اور سیکڑوں کو زخمی کر دیا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے 61 فلسطینیوں کے شہید اور 2 ہزار سے زیادہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ شہید ہونے والوں میں بچّے بھی شامل ہیں۔

ہزاروں فلسطینی علی الصباح اسرائیل کے ساتھ سرحد کے قریب جمع ہو گئے تھے۔ فلسطینی مارچ سے اسرائیل کی غزہ کی پٹی کی ناکا بندی اور امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔