سلامتی کونسل: امریکا اور اتحادیوں کی روس پرچڑھائی، کیمیائی حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ

Last Updated On 10 April,2018 10:55 am

شام میں کوئی کارروائی کی تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے، روس کا انتباہ، کیمیائی حملے ڈرامہ قرار دیدئے، شام کے نمائندے کی کیمیائی حملے کی تردید

نیو یارک: (دنیا نیوز) شام میں مبینہ کیمیائی حملوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، امریکا اور یورپی اتحادیوں نے کیمیائی حملوں کی تحقیقات کا ٘مطالبہ کردیا جبکہ روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر شام میں کوئی کارروائی ہوئی تو نتائج بھیانک ہوں گے۔ ادھر شام کے شہر ادلب میں دھماکا ہوا جس میں 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

صدر بشار الاسد کی حامی افواج کے باغیوں کے زیر قبضہ علاقے پر مبینہ کیمیائی حملے کے حوالے سے سلامتی کونسل کے اجلاس میں روسی اور امریکی نمائندوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، امریکی مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ اگر سلامتی کونسل نے کوئی کارروائی نہ کی تو امریکا خود اس کا جواب دے گا، انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ کیمیائی حملے کی تحقیقات کروائی جائے۔

روس کے نمائندے ویسلے نبنیزیا نے کسی بھی فوجی کارروائی پرامریکا کو خبردار کر دیا۔ انہوں نے کیمیائی حملے کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا امریکا نے کیمیائی حملوں کی آڑ میں کوئی فوجی کارروائی کی تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔ برطانوی اور فرانسیسی سفیروں نے بھی شامی حکومت پر تنقید کی جس پر شام کے نمائندے بشار الجعفری نے دوما پر کیمیائی حملے کی تردید کی۔

دوسری جانب شام کے شہر ادلب میں دھماکے میں 11 افراد ہلاک، جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے، ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔