ماسکو: (دنیا نیوز) امریکا کی جانب سے روسی سفارتکاروں کی ملک بدری پر ماسکو کا جوابی وار، ساٹھ امریکی سفارتکاروں کو ملک سے نکلنے اور ایک قونصلیٹ بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
روس نے 60 امریکی سفارتکاروں کو ملک سے بے دخل کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ سینٹ پیٹرزبرگ میں امریکی قونصل خانے کو بند کر دیا۔ امریکی سفارتکاروں کی ملک بدری کا اعلان روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے دارالحکومت ماسکو میں کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ روس کے ساتھ سفارتی جنگ میں کودنے والے تمام ممالک کے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ برطانیہ میں سابق روسی جاسوس پر قاتلانہ حملے کے بعد امریکا، برطانیہ، یورپ اور کینیڈا نے ایک سو سے زائد روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کر دیا تھا۔
دوسری جانب امریکا کے محکمہ خارجہ نے روس کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو مسائل کو بات چیت سے حل کرنے پر یقین نہیں رکھتا۔ ترجمان دفتر خارجہ ہیدر نوؤرٹ نے کہا ماسکو کےخلاف مزید اقدامات کا حق رکھتے ہیں۔