ماسکو: (دنیا نیوز) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ سائبریا کے ایک شاپنگ سینٹر میں ہوا۔ آگ نے بالائی منزل کو اپنی لپیٹ میں لیا جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت سے شعلے بلند ہونا شروع ہو گئے۔ اس وقت شاپنگ سینٹر میں موجود سینما گھر میں لوگوں کی بڑی تعداد فلم دیکھنے میں مصروف تھی۔ حکام نے کہا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں کم از کم 41 بچے بھی شامل ہیں۔
اس شاپنگ سینٹر کا 2013ء میں افتتاح ہوا تھا۔ اس میں سینیما ہالز کے علاوہ، ریستوراں، ایک ساؤنا باتھ، ایک باؤلنگ ایلی اور بچوں کا ایک چڑیا گھر بھی ہے۔ آتشزدگی کے واقعے کی اطلاعات ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ دوسری جانب پولیس نے شاپنگ سینٹر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور اس کا انتظام کرنے والی کمپنی کے سربراہ کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔