ماسکو: (دنیا نیوز) روس نے برطانیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سابق روسی ایجنٹ اور ان کی بیٹی کو زہر دینے کے حوالے سے جھوٹی خبر گھڑ کر آگ سے کھیل رہا ہے، برطانیہ کو معافی مانگنا ہو گی۔
برطانیہ اور روس کے سفارتی تعلقات تاحال کشیدہ ہیں۔ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں ماسکو کے سفیر کا کہنا تھا کہ غلط الزامات لگا کر برطانیہ کا مقصد روس کو رسوا کرنا ہے۔
روسی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ الزامات خوفناک اور غیر مصدقہ ہیں، برطانیہ روس کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے جس کے لیے اسے معافی مانگنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق ایجنٹ کو دیے جانے والا اعصاب شکن زہر روسی نام کا تو ہے لیکن صرف روس ہی کے پاس اس کو تیار کرنے کے کاپی رائٹس نہیں ہے بلکہ دنیا کے بہت سے ملکوں میں تیار کیا جاتا ہے، برطانیہ جھوٹی خبریں گڑھ کر آگ سے کھیل رہا ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ کی جانب سے روس پر سفیر کو زہر دینے کے الزام پر دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفیروں کو ملک سے نکال دیا ہے۔ برطانیہ کے علاوہ 20 سے زائد ممالک نے اپنے 100 سے زیادہ سفیروں کو روس سے واپس بلوایا لیا تھا۔