آزاد کشمیر آئین میں ترمیم، پاکستان نے بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا

Last Updated On 14 June,2018 09:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے آزاد جموں وکشمیر کے آئین میں تیرہویں ترمیم پر بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے واضح کیا ہے کہ جموں وکشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں بھی متنازع علاقہ تسلیم کیا گیا ہے۔ جموں وکشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، کشمیری اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔ مقبوضہ وادی میں نہتے عوام پر پیلٹ گنز کا استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے جولائی 2016ء سے اب تک درجنوں افراد شہید اور ہزاروں اندھے ہو چکے ہیں۔ جولائی 2016ء سے مارچ 2018ء تک 145 معصوم کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 28 سالوں سے خصوصی آرمڈ فورسز ایکٹ نافذ ہے، ایسے کالے قوانین کی وجہ سے بھارتی فوجی ہر ٹرائل سے آزاد ہیں۔ انسانی حقوق کمشنر شیخ رعد الحسین نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مظاہرین سے نمٹنے کے لئے عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔