سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں نامور صحافی اور رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر شجاعت بخاری کے قتل اور لال سنگھ کی صحافیوں کو دھمکیوں کے بعد وادی میں صحافی برادری نے بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر مختلف نعرے درج تھے۔
نامور صحافی شجاعت بخاری کے قتل اور بی جے پی رہنماء لال سنگھ کی دھمکیوں کے بعد کشمیری صحافی سراپا احتجاج ہیں۔ صحافیوں نے منہ پر کالے کپڑے باندھ کر ریلی نکالتے ہوئے لال سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔ مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج لگنے کے بعد بھارت نے حریت رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا کر گھیرا تنگ کردیا ہے جبکہ حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرلے۔
دوسری طرف حاجن کے علاقے میں بھارتی فورسزکی جانب سے دکانیں زبردستی بند کروانے کے بعد دکانداروں کے ساتھ تصادم ہوا، جس کے بعد بزدل فوج نے رات کی تاریکی میں 6 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی مقبوضہ وادی میں کشمیری نوجوان کی شہادت کے بعد مظاہرے کیے گئے، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی تھی۔