وزیر خزانہ کا فائنل ٹیکس ریجیم بحال کرنے کا عندیہ

Last Updated On 26 September,2018 04:56 pm

اسلام آباد:‌ (دنیا نیوز) اسد عمر نے گزشتہ روز اسلام آباد میں کراچی چیمبر کے ایک اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کے دوران کمرشل امپورٹرز کی فائنل ٹیکس ریجیم کو بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

 وفاقی وزیر خزانہ، ریونیو و اقتصادی اُمور اسد عمر نے گزشتہ روز اسلام آباد میں کراچی چیمبر کے ایک اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کے دوران کمرشل امپورٹرز کی فائنل ٹیکس ریجیم کو بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل امپورٹرز کو فائنل ٹیکس ریجیم کے تحت 6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ادا کرنے کے بعد آڈٹ سے استثنیٰ حاصل تھی۔ وفاقی بجٹ 2018-19 میں اس ریجیم کو کم از کم ٹیکس سے تبدیل کردیا گیا، جسے دوبارہ اُسی پوزیشن پر بحال کردیا جائے گا جہاں وفاقی بجٹ 2018-19 سے قبل تھا۔

کراچی چیمبر کے وفد کی سربراہی بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی کررہے تھے۔ اسد عمر نے کراچی چیمبر کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ٹیکس ریفارمز کمیشن کی جانب سے دی گئی تجاویز پر آئندہ ایک ماہ میں حقیقی معنوں میں عملدرآمد کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں ریگولیٹری ڈیوٹی کو ریونیو حاصل کرنے کے اقدام کی حیثیت سے نافذ نہیں کیا جائے گا۔ تاہم اس پر غور صرف مقامی انڈسٹری کے مفادات کو تحفظ دینے کیلئے کیا جائے گا جس کا نفاذ وزارت کامرس، وزارت انڈسٹریز، وزارت ٹیکسٹائل اور وزارت سرمایہ کاری کی جانب سے دی گئی سفارشات کی روشنی میں کیا جائے گا۔

Advertisement