کراچی: (دنیا نیوز) بدانتظامی کی شکار قومی ایئر لائین نے سٹاک مارکیٹ کے قوانین کی بھی پاسداری نہ کی،شیئر بازار کی انتظامیہ نے ادارے کی سرزنش کرتے ہوئے کمپنی کی شیئرز ٹریڈنگ فوری معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
مالی بدحالی اور بدترین کارکردگی کی شکار قومی ایئر لائین کو پاکستان سٹاک ایکسچینج نے ڈیفالٹر کاونٹر میں شمار کرنا شروع کردیا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے جاری اعلامیئے کے مطابق پی ائی اے نے لگاتار گزشتہ دو سال سے سالانہ جلسہ عام کا انعقاد نہیں کیا اور نہ ہی اپنے آڈٹ ہوئے حسابات سے سٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا ہے۔
سٹاک ایکسچینج کے مطابق اگر کمپنی نے 90 روزمیں شرائط کو پورا نہ کیا تو انتظامیہ پی آئی اے کے خلاف مزید اقدامات اٹھائے گی۔ ماہرین کے مطابق قومی ایئر لائین کا مجموعی خسارہ 360 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور مسلسل خسارے کے باعث یہ قرضوں کے دلدل میں دھنستی چلی جارہی ہے۔