اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے چاروں پاکستانی ایئرلائنز کو اپنے پائلٹس اور کیبن کریو کی سناد جمعرات تک جمع کرانے کا حکم دے دیا، قومی ایئرلائن کے سربراہ آئندہ سماعت پر طلب کر لئے گئے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ڈگری فراہم نہ کرنے والوں کو معطل کیا جائے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ملکی ایئرلائنز کے پائلٹس اور عملے کی ڈگریوں کی تصدیق سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ کراچی تعلیمی بورڈ کے نمائندے نے بتایا کہ 20 مارکس شیٹس پڑھی نہیں جا رہی، اس کے علاوہ باقی تمام کی تصدیق کر دی ہے۔
لاہور بورڈ کے نمائندہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کوئی کیس زیرالتوا نہیں چند ایسی ڈگریاں ہیں جنکی نقول پڑھی نہیں جا رہیں۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جن کی ڈگریوں کی نقل پڑھی نہیں جا رہی وہ اپنی اصل سناد لے کر آئیں۔ پی آئی اے کے نمائندہ نے بتایا کہ قومی ایئر لائن کی 347 ڈگریوں کی تصدیق باقی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جو کارکن ڈگری نہیں دے سکتے انہیں معطل کیا جائے، وکیلوں کی ڈگریاں بھی تصدیق کرائی ہیں، عدالت نے آئندہ سماعت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے کو طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ چاروں پاکستانی ائیر لائنز جمعرات تک پائلٹس اور عملے کی سناد جمع کروائیں۔ مقدمے کی سماعت 10 روز کیلئے ملتوی کر دی گئی۔