اسلام آباد: (دنیا نیوز) دوست ممالک کے اقتصادی پیکج کے بعد اب پاکستان کو ادھار تیل کی فراہمی بھی شروع ہو چکی ہے۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 4.5 ارب ڈالرمالیت کے ادھار تیل کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔
ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق ادھار تیل کی سہولت تین سال کے لیے ہوگی، اسلامی ترقیاتی بینک ہر سال ڈیڑھ ارب ڈالر کا تیل فراہم کرے گا، پہلے مرحلے میں 10 کروڑ ڈالر کا تیل فراہم ہوچکا ہے، دوسرے مرحلے میں 27 کروڑ کا ادھار تیل ملے گا۔
ڈاکٹرخاقان نجیب کا کہنا تھا کہ اقتصادی پیکج کے بعد متحدہ عرب امارات سے ادھار تیل کے معاملے پر پیشرفت ہوئی ہے، امید ہے کہ دوست ملک جلد تیل کی فراہمی شروع کر دے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ادھار تیل ہو، ایل این جی یا رعایتی قرض دونوں صورتوں میں بیرونی ادائیگوں کا دباؤ کم ہوگا۔