اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈویژن بنچ پیر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔
ہائیکورٹ کے بنچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی شامل ہیں۔ نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کی جس میں العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا کیخلاف اپیل کا فیصلہ ہونے تک نواز شریف کو ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، میڈیکل رپورٹس بھی پیش کر دی ہیں، عدالت جتنے بھی مچلکے حکم کرے گی جمع کرا دیں گے۔
نواز شریف کی درخواست ضمانت میں نیب، جج احتساب عدالت اور سپریٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت عالیہ میں نواز شریف کی سزا کیخلاف پہلی اپیل پر سماعت 18 فروری کو مقرر ہے۔