لاہور: (دنیا نیوز) رمضان المبارک کا آخری عشرہ جاری ہے تو اشیا کی قیمتیں بھی کم ہونے لگی ہیں۔ پیاز، ٹماٹر، کریلے سستے ہو گئے لیکن لیموں قابو میں نہ آیا جبکہ ادرک اور سبز مرچ مہنگی ہو گئیں۔ قیمتیں کم تو ہوئیں لیکن اتنی بھی نہیں کہ عوام سکھ کا سانس لیں۔
موسم میں تبدیلی سے سبزیوں کی فراہمی بھی بڑھ گئی، پیازکی قیمت 51 سے کم ہو کر 47 روپے کلو آ گئی، ٹماٹر51 روپے سے گرتا ہوا آ پہنچا 32 روپے کلو۔ کریلے کی قیمت 60 سے کم ہو کر 35 روپے کلو ہو گئی اور بھنڈی بھی 106 سے 53 روپے کلو ہو گئی۔
تاہم لیموں کسی کے قابو نہ آیا جو 318 سے بڑھتا ہوا 326 روپے کلو ہو گیا،
ادرک 200سے 214 اور سبز مرچ 53 سے 64 وپے کلو ہو گئی۔ پھول گوبھی اور شملہ مرچ مسلسل53 روپے کلو پر برقرار ہے، رمضان بازاروں میں لمبی قطاروں سے جان نہ چھوٹی جبکہ عام مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامے کاغذی ہی رہ گئے اور مقررہ نرخ سے 15 سے 20 روپے فی کلو زیادہ پر اشیا کی فروخت جاری ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز پر مسلسل ویرانی چھائی ہو ئی ہے۔ دو ارب کی سبسڈی بھی ان کو آباد نہ کر سکی جس سے گاہکوں نے یوٹیلٹی سٹورز جانا ہی چھوڑ دیا۔