لاہور: (دنیا نیوز) چینی نائب صدر وانگ چی شن دورہ پاکستان مکمل کر کے وطن واپس چلے گئے، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے معزز مہمان کو لاہور ائیرپورٹ پر الوداع کیا۔
چینی نائب صدر وانگ چی شن کامیاب دورہ پاکستان کے بعد واپس چین چلے گئے، لاہور ائیرپورٹ پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، صوبائی کابینہ کے ارکان، وفاقی وزیر خسرو بختیار اور دیگر اہم شخصیات نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔
روانگی سے قبل چینی نائب صدر وانگ چی شن نے بادشاہی مسجد کا دورہ کیا، چینی نائب صدر نے بادشاہی مسجد میں اسلامی نوادرات دیکھے، صوبائی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن نے اسلامی نوادرات بارے چینی نائب صدر کو بریف کیا، چینی نائب صدر نے اسلامی نوادرات میں گہری دلچسپی ظاہر کی، چینی نائب صدر نے بادشاہی مسجد کے فن تعمیر کی بھی تعریف کی۔
چینی نائب صدر نے دورہ لاہور میں وزیراعلی پنجاب، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقاتیں کیں، ہائیر روبا اکنامک زون کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور میں چینی نائب صدر کی میزبانی کر کے دلی خوشی ہوئی ہے، چین کے نائب صدر کا دورہ پاکستان پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا لازوال رشتہ کبھی ختم نہیں ہوسکتا، پاکستان اور چین ترقی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں۔
چینی نائب صدر وانگ چی شن نے کہا کہ لاہور میں ملنے والی محبت کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا، چین ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ پہلے بھی کھڑا تھا اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا، باہمی تعاون کی نئی جہتوں پر کام کر کے دوستی کو مزید بلندیوں تک پہنچائیں گے۔