وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیرداخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ کی ملاقات

Last Updated On 20 May,2019 01:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے ملاقا ت کی جس میں مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔

ایوان وزیراعلی میں وزیراعلی عثمان بزدار اور وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر اعجاز شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرامن وامان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے پر اتفاق کیا گیا اورمذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی۔ پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا۔