لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے دورہ منکیرہ کے دوران رمضان بازار اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ کیا اور شہریوں سے مسائل معلوم کئے۔ اس موقع پر وزیراعلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلی نہیں، عوام کا خدمت گار ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نورپور تھل سے منکیرہ پہنچ گئے جہاں انھوں نے رمضان بازار کا دورہ کیا، اشیاء کے نرخ اور معیار کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ بغیر اطلاع تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلے گئے، مختلف وارڈز اور شعبوں کا دورہ کیا۔ عثمان بزدار نے مریضوں کی خیریت دریافت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نہیں، عوام کا خدمت گار ہوں۔ مریضوں نے وزیراعلی سے کہا کہ آپ کو دیکھ کر حیرت ہوئی،اب تبدیلی کا یقین ہو رہا ہے۔
وزیراعلی نے لواحقین سے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولتوں کے معیار کے حوالے سے پوچھا اور کہا کہ صحت کے شعبہ میں پائی جانے والی خرابیاں اور خامیاں جلد دور کریں گے۔