لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی، اپوزیشن کا اتحاد چند دن کا مہمان ہے۔
پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو ملک کی نہیں بلکہ لوٹ مار کی دولت بچانے کی فکر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن کے پراپیگنڈے کا موثر انداز میں جواب دیا جائے گا۔ سابق دور میں مختلف محکموں میں ہونے والی بے ضابطگیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ اپوزیشن کا اتحاد چند دن کا مہمان ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بہت جلد غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں، منفی پراپیگنڈے میں نہیں آئیں گے۔ باشعور عوام مسترد عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
اس موقع پر صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ملک کی نہیں بلکہ لوٹ مار کی دولت بچانے کی فکر ہے۔ ملک کی خراب معاشی صورتحال کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ہیں۔ ہم پاکستان کو لوٹنے والوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔