لاہور: (دنیا نیوز) ڈالر کے مقابلے میں روپے کی تنزلی جاری ہے۔ انٹر بینک میں 19 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 30 پیسے ڈالر مزید بڑھ گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر پاکستانی روپے پر حاوی ہو رہی ہے، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 19 پیسے مہنگا ہو گیا ہے، جس کے بعد ڈالر کی قیمت 160 روپے سے بھی تجاوز کرگئی۔ کاروباری ہفتے کے پہلے دو روز کے دوران انٹربینک میں ڈالر 1 روپے 26 پیسے مہنگا ہوا۔ ڈالر کے دام بڑھ جانے سے رواں ہفتے میں اب تک بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 126 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔
انٹربینک میں ڈالر کے دام بڑھ جانے سے اوپن مارکیٹ میں بھی اس کی قیمت بڑھ گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے اضافے سے 160 روپے 80 پیسے پر فروخت ہوا۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ادائیگیوں کا توازن بگڑنے جانے کے باعث روپے کے مقابلے ڈالر مہنگا ہورہا ہے۔
دوسری جانب صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 1200 روپے اضافے کے بعد 83 ہزار 800 روپے کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔ ڈیلرز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونا مستحکم ہونے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں بڑھنا باعث تشویش ہے۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ 300 پوائنٹس سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی مگر اختتام پر مارکیٹ 13 پوائنٹس اضافے سے 32 ہزار972 پوائںٹس کی سطح پر بند ہوئی۔