ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں محکمہ زراعت کی عدم دلچسپی کے باعث سبزی منڈی میں لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی کسان پلیٹ فارم شہریوں کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو سستی سبزیاں کا حصول بھی خواب بن کر رہ گیا ہے۔
محکمہ زراعت کی عدم دلچسبی کے باعث ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر کے 11 شہروں کی منڈیوں میں قائم کسان پلیٹ فارم شہریوں کو سستی سبزیاں فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہیں۔ کسان پلیٹ فارم میں ٹماٹر3 سو50 روپے فی کلو، ادرک 4 سو، لہسن 3سو 80 ، پیاز 110روپے، گوبھی 115جبکہ دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
سبزی منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم کے قیام کا مقصد آڑھتیوں کی اجارہ داری کو ختم کرنا تھا تاہم اس کے باوجود بھی 90 فیصد ٹھیلوں اور دکانوں پر آڑھتیوں کو بٹھا دیا گیا ہے لیکن متعلقہ محکمے افسران کی کارکردگی سے مطمین ہیں۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کسانوں اور عوام دونوں کو ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے تو وزیراعلیٰ پنجاب خود کسان پلیٹ فارم کی مانیٹرنگ کریں تا کہ آڑھتیوں کے کردار کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جا سکے۔