سٹاک مارکیٹ میں 221.79 پوائنٹس کی تیزی، 40600 کی حد بحال

Last Updated On 10 December,2019 04:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز تیزی لوٹ آئی، حصص مارکیٹ میں 221.79 پوائنٹس کی تیزی کے باعث 40600 کی حد بحال ہو گئی۔حصص کی مالیت میں 49 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی ایک بار پھر واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس میں 221.79 پوائنٹس کی تیزی ہوئی جس کے بعد مزید 2 حدیں بحال ہو گئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 40500، 40600 کی حدیں شامل ہیں۔ حصص کی مالیت میں 49 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ 289.85 پوائنٹس کی کمی کے بعد 40442.80 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوئی تھی، کاروبار میں 0.72 فیصد گراوٹ دیکھی گئی جبکہ حصص کی مالیت میں 45 ارب روپے سے زائد کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی تھی۔

آج ٹریڈنگ کے دوران کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، ایک موقع پر حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 40700 کی حد بھی عبور کر گیا تھا تاہم شیئرز کی خریدو فروخت کے باعث یہ تسلسل برقرار نہ رہ سکا اور انڈیکس 40259.03 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام انڈیکس 221.79 پوائنٹس کے بعد 40664.60 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.55 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 15 کروڑ 71 لاکھ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت خبروں، عالمی اداروں کی جانب سے پاکستانی ریٹنگ میں بہتری اور غیر یقینی سیاسی صورتحال کے خاتمے کے باعث انویسٹرز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست دلچسپی لے رہے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ آئندہ چند روز تیزی کا تسلسل برقرار رہے۔