سکھر: تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران جھڑپ، پولیس کی شیلنگ، 55 افراد گرفتار

Last Updated On 11 December,2019 02:52 pm

سکھر: (دنیا نیوز) سکھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مشتعل ہجوم اور انتظامیہ کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد افراد بے ہوش ہو گئے، 55 مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔

سکھر میں نہروں سے تجاوزات ختم کرانے کیلئے ایکشن کا ری ایکشن، سندھ ہائی کورٹ کےاحکامات پر محکمہ آبپاشی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اور گھر گرا دیئے۔

مظاہرین نے شدید احتجاج کیا، خواتین کی بڑی تعداد بھی گھر گرانے پر میدان میں آ گئی۔ مظاہرین کے ایکشن پر پولیس نے بھرپور کارروائی کی، لاٹھیاں برسائیں اور آنسوگیس کے شیل برسائے، مظاہرین نے بھی جوابی پتھراؤ کیا۔

شیلنگ سے متعدد افراد بے ہوش ہوگئے، پولیس نے 55 سے زائد متاثرین کو گرفتار کیا، مظاہرین کا کہنا ہے متبادل جگہ ملنے پر گھر نہیں چھوڑیں گے۔